اربعین مارچ مؤخر، حکومت اور ایم ڈبلیو ایم میں 7 نکاتی معاہدہ طے پا گیا


کراچی:

زائرین کے اربعین مارچ کے معاملے پر وفاقی و صوبائی حکومت اور مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی قیادت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، گورنر سندھ، ایم ڈبلیو ایم اور ایم کیو ایم کی قیادت نے مشترکہ پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

طلال چوہدری، جو خصوصی طور پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کراچی پہنچے، نے کہا کہ زائرین کے پیدل سفر پر پابندی سیکیورٹی خدشات کے باعث عائد کی گئی تھی، جو ایک تکلیف دہ مگر ناگزیر فیصلہ تھا۔

گورنر سندھ نے بتایا کہ انہوں نے رات گئے زائرین سے ملاقات کی اور صورتحال کو وفاقی حکومت کے سامنے رکھا۔

انہوں نے کہا کہ زائرین کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے پیدل سفر کی اجازت نہیں دی جاسکتی تھی، تاہم تمام فریقین کی مشاورت سے 7 نکاتی معاہدہ طے پایا، جس پر مکمل عملدرآمد کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے گی۔

طے پانے والے 7 نکات میں شامل ہیں:

زائرین کے لیے مخصوص فلائٹ آپریشن دو روز میں شروع کیا جائے گا۔

ایڈوانس میں دیے گئے بس کرایوں کی واپسی یقینی بنائی جائے گی۔

ایراقی حکومت سے ویزہ کی مدت میں توسیع کے لیے رابطہ کیا جائے گا۔

زمینی سفر کے متبادل انتظامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

بارڈر پر موجود اسٹوڈنٹس کے لیے فوری احکامات جاری کیے جائیں گے۔

پیدل مارچ روکنے کے فیصلے پر حکومت زائرین سے معذرت خواہ ہے۔

زائرین کے مسائل کے حل کے لیے مستقل رابطہ کمیٹی قائم کی جائے گی۔

ایم ڈبلیو ایم کے وائس چیئرمین مولانا احمد اقبال رضوی نے اعلان کیا کہ کاروانِ عزاداری کو مؤخر کیا جا رہا ہے اور حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر مکمل اعتماد ہے۔

 انہوں نے کہا کہ تمام مسلمان نواسہ رسولؐ امام حسینؑ سے عقیدت رکھتے ہیں، اور یہ سفر، خواہ ہوائی، بحری یا زمینی، تاقیامت جاری رہے گا۔

انہوں نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ثالثی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ زائرین کے مطالبات میں ویزہ توسیع، ہوائی سفر میں رعایت، اور خرچ شدہ رقوم کی واپسی شامل تھے، جن پر حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت اس سال کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کرنے پر مجبور ہوئی تاہم آئندہ زائرین کے سفر میں کسی قسم کی پابندی نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں