اسکاٹ لینڈ کیخلاف میچ میں پاکستان کے احمد حسین کا شاندار کیچ، شائقین دنگ رہ گئے

پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر احمد حسین نے آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کے دوران حیرت انگیز فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔

ہرارے میں  کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے اسکاٹ لینڈ کو 187 رنز پر آوٹ کیا۔ پاکستانی فیلڈرز نے بہترین کارکردگی دکھائی جس میں احمد حسین کا ایک شاندار کیچ خاص طور پر نمایاں رہا۔

میچ کے 45 ویں اوور میں مومن سیایم کے اوور کی پانچویں گیند پر اسکاٹ لینڈ کے بیٹسمین مانو ساراسوت نے ایک فل اور سیدھی گیند پر لیڈنگ ایج دی۔

احمد حسین نے بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کے پیچھے چھلانگ لگا کر زبردست انداز میں شاندار کیچ لیا جسے دیکھ کر شائقین دنگ رہ گئے۔ احمد حسین کے اس کیچ نے پاکستان کی فیلڈنگ صلاحیتوں کی بہتری کو اجاگر کیا۔ پہلے میچ میں بھی احمد حسین نے بہترین پوانٹ پر ایک متاثر کن کیچ لیا تھا۔

بیٹنگ میں بھی احمد حسین نے بہترین کارگردگی کا مظاہرہ کیا جہاں انہوں نے 47 رنز بنائے جبکہ ان کے ساتھی عثمان خان نے 75 رنز کی اننگ کھیلی اور دونوں نے 111 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

آخرکار پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور 188 رنز کا ہدف 43.1 اوورز میں حاصل کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں