انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں اسکول کے قریب دھماکا، 54 افراد زخمی

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جمعہ کے روز ایک اسکول کے قریب ہونے والے دھماکے میں کم از کم 54 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔

جکارتہ پولیس کے سربراہ آسیپ ایڈی سوہیری نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکا شہر کے ایک ہائی اسکول کے قریب ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق 54 افراد متاثر ہوئے جن میں سے کچھ کو معمولی، کچھ کو درمیانے درجے کے زخم آئے جبکہ بعض افراد کو اسپتال سے فارغ بھی کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر تفتیش میں مصروف ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

پولیس چیف کے مطابق دو اسپتالوں میں متاثرہ افراد کے لواحقین کی مدد کے لیے خصوصی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ “یہ واقعہ ابھی پیش آیا ہے، اس لیے تحقیقات جاری ہیں۔”

اپنا تبصرہ لکھیں