پاکستان نے انڈونیشیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-3 سے ہرا کر ایشین یوتھ گیمز کے مینز والی بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔بحرین میں جاری گیمز میں ناقابل شکست پاکستان کا سلور میڈل یقینی ہو گیا۔ گولڈ میڈل کے لیے پاکستان بدھ کو فائنل میں ایران سے مقابلہ کرے گا، ایران نے تھائی لینڈ کو0-3 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پیر کی شب سیمی فائنل میں پاکستان نے دلچسپ انداز میں انڈونیشیا کو 1-3سے قابو کر کے ٹائٹل پر نظریں مرکوز کردیں۔کوارٹر فائنل میں ازبکستان کو شکست دینے والے انڈونیشیا نے پاکستان کے خلاف پہلے سیٹ اور چوتھے سیٹ میں بہتر کارکردگی۔دکھائی اور بھرپور مزاحمت کی۔
ابتدائی سیٹ 25 -22 سے ہارنے کے بعد پاکستان نے دوسرا سیٹ 13- 25 سے اپنے نام کر کے مقابلہ1-1کر دیا۔تیسرے سیٹ میں پاکستان کو 19-25 سے کامیابی ملی، چوتھے سیٹ میں قومی ٹیم نےسخت جدوجہد کے بعد 24-26 سے فتح پاکر فائنل میں قدم رکھ دیا۔
کوارٹرفائنل میں چین کو 0-3 سے قابو کرنے والی پاکستان والی بال ٹیم نےگروپ ای میں ازبکستان کو ہرانے کے بعد سعودی عرب کو 1-3 سے زیر کیا تھا۔
