ڈھاکا:
صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی ڈھاکہ پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔
صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی کی زیر صدارت اے سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ کل 24 جولائی کو ڈھاکا میں ہوگی۔
دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ سے دستبردار ہونے کیلیے امین الاسلام پر دباؤ بڑھنے لگا، بی سی بی ڈائریکٹرز بورڈ صدر کو بھارتی ناراضی سے بچنے کا مشورے دینے لگے۔
ایشین کرکٹ کونسل کی سالانہ جنرل میٹنگ میں دیگر معاملات کے ساتھ ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ کو بھی حتمی شکل دی جائے گی مگر بھارت نے بنگلہ دیش میں میٹنگ کے انعقاد پر بھی اعتراض جڑتے ہوئے اسے کسی اور ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
بی سی سی آئی کا اصرار ہے کہ بنگلہ دیش کے ساتھ سیاسی کشیدگی کی وجہ سے وہ اپنے آفیشلز کو ڈھاکا نہیں بھیج سکتے، انہیں اس اجلاس میں آن لائن شرکت پر بھی اعتراض ہے، اس معاملے پر سری لنکا اور عمان بھی اس کے ساتھ ہیں۔
اگرچہ ایشین کونسل کے موجودہ سربراہ محسن نقوی ڈھاکا میں ہی میٹنگ کے فیصلے پر جمے ہوئے ہیں مگر بی سی بی پر اس میٹنگ سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ بڑھنے لگا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹرز نے اپنے صدر امین اسلام کو مشورہ دیا کہ وہ بھارت کی ناراضی مول نہ لیں البتہ انہوں نے کہا ہے کہ میں اس اجلاس کیلیے زبان دے چکا ہوں، اب اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔
ادھر آئی سی سی کی سنگاپور میں ہونے والی سالانہ میٹنگز میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو سمیر احمد نے ڈھاکا میں اجلاس کے حوالے سے اے سی سی ممبران کو راضی کرنے کی کوشش کی ہے، بھارت بھی میٹنگ میں شرکت نہ کرنے پر ڈٹ گیا، البتہ اسے ورچوئل طور پر شمولیت کیلیے قائل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔