MUMBAI:
بھارت کے معروف اداکار ستیش شاہ کی اچانک موت نے مداحوں اور ساتھیوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے اور ان کے بیٹے اداکار راجیش کمار نے اپنے والد کی موت کی اصل وجہ بتا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈراموں کے اداکار راجیش کمار نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ ستیش شاہ کو گردوں کا مسئلہ تھا لیکن جو ہوا وہ دل کے دورے کی وجہ سے ہوا۔
راجیش نے مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے گردش کرنے والی خبریں کہ ان کی موت گردوں کی خرابی سے ہوئی تھیں، درست نہیں، ستیش شاہ گھر پر تھے اور دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ ‘وہ گھر پر تھے، کھانا کھا رہے تھے، اور پھر بس… چل بسے’۔
رپورٹ کے مطابق ستیش شاہ گردوں کے مرض میں مبتلا تھے اور رواں سال کے شروع میں ان کا ٹرانسپلانٹ بھی ہوا تھا، تاہم قریبی ذرائع کے مطابق ان کی صحت اب بہتر ہو رہی تھی اور گردوں کی حالت قابو میں تھی لیکن اچانک دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے سب کچھ بدل گیا۔
ان کے مینیجر نے بھی تکلیف دہ لمحے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘ایک نوالہ کھایا، پھر وہ گر پڑے… ایمبولینس آنے میں تقریباً آدھا گھنٹہ لگ گیا’۔
مزید پڑھیں: بھارت کے ہر دلعزیز مزاحیہ اداکار 74 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
یاد رہے کہ بھارتی اداکار 74 سالہ ستیش شاہ 25 اکتوبر کو اپنے ممبئی میں واقع گھر میں انتقال کر گئے تھے اور شروع میں رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ ان کی موت کی وجہ گردوں کی ناکامی تھی مگر راجیش کمار کی وضاحت نے یہ اصل وجہ واضح کر دی ہے۔
ستیش شاہ نے ڈراموں اور کئی فلموں میں یادگار کردار ادا کیے، جن میں جانے بھی دو یارو اور ہم آپ کے ہیں کون؟ ٹی وی پر ان کا کردار اندرا وڈھن سارابھائی، سارابھائی بمقابلہ سارابھائی اور بیوی تو بیوی، سالا رے سالا بھی شامل ہے۔
