بھارتی پولیس نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی مضافات میں کرائے کی رہائشی عمارت میں جعلی ایمبیسی چلانے والے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے جعلی سفارتی پلیٹس سمیت گاڑیاں برآمد کرلیں۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کی اسپیشل ٹاسک فورس کے سینئر پولیس افسر سوشیل گھُلے نے بتایا کہ ملزم نے ایمبیسڈر کا روپ دھارا ہوا تھا اور مبینہ طور پر بیرون ملک نوکریوں کا جھانسہ دے کر لوگوں سے پیسے بھی اینٹھ چکا تھا۔
پولیس کے مطابق 47 سالہ ہرشوردن جین نے بتایا کہ اس نے ’سیبورگا‘ یا ’ویسٹ آرٹیکا‘ جیسی جگہوں کے سفیر یا مشیر کے طور پر کام کیا ہے۔
سوشیل گھُلے نے بتایا کہ پولیس نے ہرشوردن جین کے پاس کے پاس سے عالمی رہنماؤں کے ساتھ متعدد جعلی تصاویر اور بھارتی وزارتِ خارجہ اور تقریباً تین درجن ممالک کی نقلی مہریں بھی برآمد کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم پر بیرون ملک موجود شیل کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کا بھی شک ہے۔ ملزم کو جعلسازی، نقلی شناخت اور جعلی دستاویزات رکھنے کے الزمات کا بھی سامنا ہے۔
پولیس نے عمارت سے جعلی سفارتی پلیٹس کی حامل چار گاڑیاں اور تقریباً 45 لاکھ بھارتی روپے اور مختلف کرنسیوں میں کیش برآمد کیا ہے۔