بھارتی کرکٹ بورڈ نے دھرمشالا میں جاری آئی پی ایل کا میچ اسٹیڈیم میں تکنیکی خرابی کا بہانہ بنا کر ختم کر دیا۔
جمعرات کے روز پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان ہونے والے میچ میں صرف 10.1 اوورز کرائے گئے تھے کہ اسٹیڈیم کی لائٹیں بند کر دی گئیں اور لائٹیں بند کرنے کے 11 منٹ بعد تکنیکی خرابی کا بہانہ بنا کر میچ کے ختم کیے جانے کا اعلان کر دیا گیا۔
بی سی سی آئی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں بجلی کی بندش کی وجہ سے ایک لائٹ ٹاور خراب ہوگیا ۔ بھارتی بورڈ میچ دیکھنے آئے شائقین کو زحمت پہنچانے پر شرمندہ ہے۔
واضح رہے پنجاب کنگز کا اگلا میچ دھرمشالا سے احمد آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔