کراچی:
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج کی طرف سے دی جانے والی تاریخی شکست کو پوری قوم شاندار انداز میں منائے، کیونکہ ماضی کی جنگوں کا مشاہدہ صرف پرانی نسلوں نے کیا تھا، جبکہ موجودہ نوجوان نسل نے پہلی بار اپنی فضائیہ، بری فوج، بحریہ اور پوری قوم کو ایک ساتھ دشمن کو عبرتناک شکست دیتے دیکھا ہے۔
صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے سینیئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اسی جذبے کے تحت سندھ بھر میں ضلعی سطح پر خصوصی تقریبات جاری ہیں، جن میں کھیلوں کے مقابلے، خواتین کی واکس، میوزیکل شوز، آتش بازی اور دیگر رنگا رنگ پروگرام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مزارِ قائد پر وزیر اعلیٰ سندھ، کابینہ اراکین اور خصوصی بچوں کے ساتھ یومِ آزادی کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جبکہ 11 اگست کو اقلیتوں کے لیے خصوصی دن کے طور پر آزادی کے پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حیدرآباد میں حکومت سندھ اور عارف حبیب کے تعاون سے شاندار میوزیکل ایوننگ آج ہونے جا رہا ہے ، 10 اگست کو سکھر میں رنگا رنگ میوزک پروگرام ہوگا، جبکہ 13 اگست کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کا سب سے بڑا گرینڈ شو منعقد ہوگا، جس میں ملک کے معروف فنکار اور سیلیبرٹیز شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ سی ویو پر ڈونکی ریس اور بوٹس کی ریس جیسے منفرد ایونٹس بھی ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے بزنس کمیونٹی، اپوزیشن رہنماؤں، تمام پارلیمانی لیڈرز، مذہبی تنظیموں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمایاں افراد کو ان تقریبات میں شامل ہونے کی دعوت دی، تاکہ یہ جشن کسی ایک گروہ کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مشترکہ جشن بنے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سکھر، کراچی اور دیگر شہروں میں ہونے والے ان گرینڈ شوز میں بھرپور شرکت کریں، کیونکہ زندہ قومیں اپنے قومی تہوار شاندار انداز میں مناتی ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اس جنگ میں پوری پاکستانی قوم نے اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ اتحاد سے فتح حاصل ہوتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پارلیمانی وفد کے ہمراہ دنیا بھر میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا، جس میں تمام سیاسی جماعتوں نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
سینئر وزیر نے اسمبلی فلور اور میڈیا کے ذریعے دوبارہ عوام کو دعوت دی کہ 10 اگست کو سکھر، 13 اگست کو کراچی نیشنل اسٹیڈیم، اور دیگر شہروں میں منعقد ہونے والی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کر کے جشنِ آزادی کو یادگار بنائیں۔