حکومت سندھ اور ٹرانسپورٹرز میں مذاکرات کامیاب، ٹرانسپورٹرز کا احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ

حکومت سندھ اور ٹرانسپورٹرز میں مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کی، حادثے اور پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔

کمشنر ہاؤس کراچی میں ٹرانسپورٹرز کے وفد نے حاجی یوسف اور جام عالم کی قیادت میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی، ملاقات میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو اور دیگر بھی موجود تھے۔

شرجیل انعام میمن نے حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا اور شرجیل انعام میمن نے  واقعے کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، انسانی جان کا ضیاع ناقابلِ تلافی ہے اور یہ ہمارے لیے انتہائی افسوسناک ہے،  تشدد اور توڑ پھوڑ مسائل کا حل نہیں، ہم تمام فریقین کے ساتھ مل کر ٹرانسپورٹ سیکٹر کے مسائل حل کریں گے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گے کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں، جنہوں نے قانون ہاتھ میں لیا اور فسادات کو ہوا دی ان پر انسداد دہشتگردی کے تحت مقدمات درج ہونگے، ڈمپر مالکان ڈمپرز میں کیمرا، ٹریکر کے ساتھ انشورنس اور ڈرائیورز کا لائسنس یقینی بنائیں گے، ٹرانسپورٹرز کے نقصان کے تعین کے لئے کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں۔

 

اپنا تبصرہ لکھیں