Passport Office

حکومت کا کراچی اور لاہور میں پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان. مزید جانیے.

وفاقی حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے کراچی اور لاہور میں کم از کم ایک پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ پاسپورٹ آفس اتوار کو بھی کھلے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ لاہور اور کراچی میں کم از کم ایک پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔ اس سے شہریوں کے لیے پاسپورٹ آفس کی سہولیات تک رسائی آسان اور ممکن ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ ہفتے پاسپورٹ دفاتر کا دورہ کیا تھا۔

گزشتہ روز وزارت خزانہ نے پاسپورٹ کے موجودہ بیک لاگ کو ختم کرنے کے لیے فنڈز بھی جاری کیے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت 8 لاکھ سے زائد پاسپورٹوں کی پرنٹنگ کا کام باقی ہے تاہم پاسپورٹ مشینری اور لیمینیشن پیپر کی خریداری مکمل ہونے کے بعد یہ بیک لاگ کلیئر ہو جائے گا۔

پرنٹنگ اور پرنٹنگ مشینوں اور ای پاسپورٹ مشینوں میں استعمال ہونے والے لیمینیشن پیپرز کے ٹینڈرز کے لیے بین الاقوامی اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ روزانہ 20 سے 25 ہزار پاسپورٹ پرنٹ کیے جا رہے ہیں جبکہ پاسپورٹ کے اجرا کے لیے روزانہ کی بنیاد پر 40 سے 45 ہزار درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں