سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بہتر مستقبل کے لیے امیدیں باندھ لیں۔
نیا ناظم آباد میں معرکہ حق جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ ٹیم میں مواقع ملنا مثبت اور اچھا عمل ہے۔ امید ہے کہ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز پاکستان کے لیے ہمیشہ بہت سازگار اور سود مند رہی ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ وہاں کی وکٹوں پر بہترین کھیل پیش کیا ہے۔
معرکہ حق اور جشن آزادی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئےسابق کپتان سرفراز احمد نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی صورت میں پاکستان کو عزت ملی،اس پر جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔ دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔ ملک کی سالمیت اور دفاع کے لیے پاک فوج نے بہت قربانیاں پیش کیں۔ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پوری قوم جشن آزادی شایان شان طریقے سے منائے گی۔