قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبے سے متعلق ایک اہم اجلاس وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں شعبے کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور بین الاقوامی منڈیوں میں رسائی سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر روایتی برآمدات کے فروغ کیلئے مکمل طور پر پُرعزم ہے اور قیمتی پتھروں و زیورات کا شعبہ اس برآمداتی حکمتِ عملی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وزارت تجارت اس شعبے کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
جام کمال خان نے کہا کہ وزارت کی جانب سے مرتب کی جانے والی سفارشات جلد وزیراعظم آفس کو ارسال کی جائیں گی تاکہ پالیسی سطح پر درکار اقدامات کو بروقت یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں ایس آر او 760 کی بحالی اور ایس آر او 924 سے ممکنہ استثنیٰ پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر تجارت نے ہدایت دی کہ اس شعبے کو بین الاقوامی بزنس فورمز میں بھرپور نمائندگی دی جائے، خصوصاً فرانس، بنگلہ دیش اور ایتھوپیا میں ہونے والے فورمز میں شرکت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری و نجی شعبے کا اشتراکِ عمل قیمتی پتھروں کی صنعت کو نئی جہت فراہم کرے گا، اور حکومت اس شعبے کی مکمل استعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دیہی ہنر مندوں اور خواتین کی اقتصادی شمولیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور زیورات کے شعبے میں ان کی شرکت اس صنعت کو مضبوط بنیاد فراہم کر سکتی ہے۔