محکمہ سیاحت پنجاب نے دسویں تھل ڈیزرٹ ریلی 2025 کے انعقاد کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
لاہور میوزیم کے آڈیٹوریم میں تھل ریلی کی پروموشنل لانچ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ اور مینجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے شرکت کی۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ تھل ڈیزرٹ ریلی 2025، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے میگنیفیسنٹ پنجاب وژن کے تحت اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی خصوصی سرپرستی میں منعقد کی جا رہی ہے۔
یہ ایونٹ 6 سے 9 نومبر تک لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ میں ہوگا۔
ان کے مطابق یہ محض ایک موٹر اسپورٹس ایونٹ نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کی ثقافتی عظمت، صوفی ورثے، لوک موسیقی، دستکاری اور ریگستانی طرزِ حیات کو اجاگر کرنے کا ایک جامع ثقافتی جشن ہے۔
سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ تھل ریلی جیسے ایونٹس جنوبی پنجاب کے خطے میں معاشی و سماجی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔ ان سے نہ صرف مقامی فنکاروں اور ہنرمندوں کو مواقع ملتے ہیں بلکہ پاکستان کا مثبت اور پرامن چہرہ دنیا کے سامنے آتا ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے بتایا کہ دسویں تھل ڈیزرٹ ریلی کا ٹریک تقریباً 200 کلومیٹر طویل ہوگا اور اس میں ملک بھر سے سو کے قریب ڈرائیورز حصہ لیں گے۔
ریلی کے شرکاء میں خواتین ڈرائیورز اور معروف ریلی چیمپئنز میر نادر مگسی، صاحبزادہ سلطان محمد علی، زین محمود اور خاکوانی برادران بھی شامل ہیں۔
ریلی کے ساتھ لوک موسیقی کی محفلیں، اونٹ و گھوڑوں کے شوز، ٹینٹ پیگنگ، دستکاری بازار اور ثقافتی میلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
ایم ڈی ٹی ڈی سی پی نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس نہ صرف پنجاب کے سیاحتی حسن کو نمایاں کرتے ہیں بلکہ تھل جیسے علاقوں کی معیشت پر بھی مثبت اثر ڈالتے ہیں، جہاں ریلی کے بعد کئی ماہ تک آمدنی اور سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ کی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں جو مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔
تقریب کے دوران ٹی ڈی سی پی، ڈسکور پاکستان اور پاک وہیلز کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
معاہدے کے تحت ڈسکور پاکستان ریلی کا آفیشل میڈیا پارٹنر جبکہ پاک وہیلز آفیشل ڈیجیٹل میڈیا پارٹنر ہوگا۔
ٹی ڈی سی پی کے مطابق دسویں تھل ڈیزرٹ ریلی میں ملکی و غیر ملکی ڈرائیورز کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، جو جنوبی پنجاب کے ورثے، ثقافت اور ایڈونچر اسپورٹس کے امتزاج کو عالمی سطح پر روشناس کرائے گی۔
