اسلام آباد:
کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی اداروں نے مختلف اداروں کے بورڈز میں خالی آسامیوں پر تقرریوں کی منظوری دیدی۔
وزارت خزانہ کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی اداروں کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا،کمیٹی نے مختلف اداروں کے بورڈز میں خالی آسامیوں پر تقرریوں کی منظوری دیدی۔
عاصم عزیز صدیقی کو ٹریڈنگ کارپوریشن بورڈ کا چیئرمین مقرر کردیا گیا، عائشہ عزیز ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی آزاد ڈائریکٹر مقرر کردی گئیں۔
اعلامیے کے مطابق شعیب میر میمن پاکستان ری انشورنس کمپنی کے بورڈ چیئرمین ہوں گے۔ وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا )کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی دوبارہ تشکیل کی تجویز بھی اجلاس میں پیش کی گئی جسے کمیٹی نے منظور کر لیا۔
بورڈ میں چھ نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو بطور آزاد ڈائریکٹرز شامل کیا گیا ہے جن میں سیف علی راستگار (پنجاب) مشہود خان (سندھ) عثمان سیف اللہ خان (خیبرپختونخوا) اسرار خان کاکڑ (بلوچستان) آسیہ سائل خان خواتین کی نمائندگی اور ڈاکٹر سید ظہور حسن ترقیاتی شعبے کی نمائندگی شامل ہیں۔