مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کلگام میں 10 روز گزر جانے کے باوجود مسلسل محاصرہ اور ملٹری آپریشن جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کلگام میں قابض بھارتی افواج کا جاری ملٹری آپریشن شدت اختیار کر گیا۔ شدید گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
بھارتی فورسز نے علاقے میں ہیلی کاپٹرز، ڈرونز، پیراملٹری فورسز اور پیرا کمانڈوز سمیت بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے۔
مسلسل 10 روز سے جاری محاصرے کے باعث خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی شدید قلت نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
اس آپریشن میں اب تک 6 بھارتی فوجیوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لانے کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ اصل تعداد کہیں زیادہ ہے۔
بھارتی فوج کے ترجمان نے یہ تصدیق بھی کی ہے کہ زخمی اہلکاروں میں سے دو نے علاج کے دوران اسپتال میں دم توڑ دیا جب کہ مزید 2 کی حالت نازک ہے۔
یاد رہے کہ اس آپریشن میں اب تک دو کشمیری نوجوانوں کو بھی شہید کیا جا چکا ہے۔