اسلام آ باد:
نیب نے 6 ماہ کے دوران 547 ارب روپے سے زائد رقوم کی ریکارڈ ریکوری کی ہے۔
قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ نیب عوامی مفاد کے تحفظ اور لوٹی گئی قومی دولت کی بازیابی کے لیے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ اسی تسلسل میں 2025ء کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون ) میں نیب نے 345.3 ارب روپے کی ریکارڈ ریکوری کی جب کہ 2025 کی پہلی 2 سہ ماہیوں میں مجموعی طور پر 31 .547 ارب روپے کی ریکوری کی گئی۔
2025 کی پہلی 2 سہ ماہیوں میں 33 .532 ارب روپے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ، وفاقی و صوبائی وزارتوں ، محکموں اور مالیاتی اداروں کے حوالے کی گئیں ۔ اسی طرح اسی دورانیے میں نیب نے دھوکا دہی کے مختلف مقدمات میں 12,611 متاثرین کو ان کی لوٹی ہوئی رقوم واپس دلوائی۔
نیب راولپنڈی نے اسلام آباد کے سیکٹر 11 -E میں واقع 51 کنال قیمتی سرکاری اراضی (29 ارب روپے مالیت) برآمد کر کے سی ڈی اے (CDA) کے حوالے کی ۔ اسی طرح عوام سے دھوکا دہی کے بڑے مقدمے (B4U) میں 3 ارب روپے کی رقم بازیاب کی، جسے 17,214 متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔
نیب سکھر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 25 ارب روپے مالیت کی زمین بازیاب کرائی ۔ سندھ کے محکمہ تعلیم و خواندگی کی 127 کنال و 15 مرلہ اراضی، جس کی مالیت 160۔895 ملین روپے ہے، نیب سکھر نے بازیاب کرائی۔
نیب لاہور نے ایڈن کیس میں ریکور شدہ 3.2 ارب روپے کی رقم 11,880 متاثرین میں تقسیم کی جب کہ نیب لاہور نے پاک عرب ہاؤسنگ کیس میں 9 .3 ارب روپے مالیت کی 8 جائیدادیں بازیاب کرائیں ، جنہیں 2,500 متاثرین کو رقم کی صورت میں فراہم کیا جائے گا ۔