واہگہ بارڈر، باب آزادی اور اسٹیڈیم کی آرائشی کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل


لاہور:

واہگہ بارڈر پر باب آزادی اور اسٹیڈیم کی توسیع اور آرائش کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، منصوبے کا رسمی افتتاح 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر کیا جائے گا۔

نیسپاک کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد زرغام اسحاق خان اس منصوبے کی براہِ راست مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور انہوں نے واہگہ بارڈر کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

نیسپاک حکام کے مطابق 14 اگست کو نوتعمیر شدہ باب آزادی کا رسمی افتتاح کیا جائے گا، افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، پاک فوج کے اعلیٰ عہدیداران، کور کمانڈر لاہور اور ڈی جی رینجرز پنجاب کی شرکت متوقع ہے۔

تین ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کے تحت شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش 8 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار کردی گئی ہے، جدید طرز کے ویٹنگ لاؤنج، وی وی آئی پی گرین روم اور میڈیا گیلری تعمیر کی گئی ہے تاکہ مہمانوں، سیاحوں اور میڈیا نمائندوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

واہگہ بارڈر کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر یہاں ایک جدید عجائب گھر بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں بارڈر کی تاریخ اور قومی تشخص کو اجاگر کیا جائے گا، منصوبے کے تعمیراتی ڈیزائن میں ہلال و ستارہ کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔

 

اس منصوبے کے تحت پاکستان کے قومی پرچم کو موجودہ مقام سے منتقل کر کے 135 میٹر بلند مقام پر نصب کیا گیا ہے، جو اسے دنیا کا تیسرا بلند ترین قومی پرچم بنا دیتا ہے۔

رینجرز کے لیے 15 دفاتر اور 100 اہلکاروں کی رہائش کے لیے بارکس تعمیر کیے گئے ہیں، ماحول دوست اقدامات کے تحت عمارتوں میں توانائی بچانے والی سہولیات بھی شامل کی گئی ہیں۔

منصوبے کا آغاز جون 2024 میں کیا گیا تھا اور اب یہ تیزی سے تکمیل کے قریب ہے، جس سے نہ صرف سیکیورٹی اور آمد و رفت میں بہتری آئے گی بلکہ سیاحت اور قومی وقار کو بھی نمایاں فروغ ملے گا۔

اس کے علاوہ واہگہ بارڈر سے شہر کی جانب بی آر بی نہر تک جی ٹی روڈ کے دونوں جانب نئی دیوار بھی تعمیر کی گئی ہے، جو سیکیورٹی اور منظر کشی کے لحاظ سے اہم پیش رفت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں