اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف کی واضح ہدایات کے باوجود اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کی صورت حال ابتر ہے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کے دعووں کے برعکس غیر ملکی کاؤنٹرز میں سے اکثر بند ہیں جب کہ امیگریشن کاونٹرز پر مسافروں کی لمبی قطاریں لگ رہی ہیں۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ڈیپارچر میں کاؤنٹرز 30 اور ارائیول کاؤنٹرز 40 ہیں۔ ڈیپارچر اور ارائیول لاؤنجز میں چند کاؤنٹرز سے کام چلایا جارہا ہے۔ ائیرپورٹ پر ہزاروں مسافروں کے لیے صرف چند امیگریشن کاؤنٹرز دستیاب ہیں۔ علاوہ ازیں اسٹاف کی کمی کے باعث بھی مسافروں کی طویل قطاریں برقرار ہیں۔
امیگریشن نظام میں تاخیر کی وجہ سے مسافروں کو اب بھی گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ غیر ملکی سیاح اور سرمایہ کار لمبے انتظار سے پریشان اور اضطراب کا شکار ہو رہے ہیں۔نئے کاؤنٹرز کا اعلان کردیا گیا ہے، تاہم سہولیات اور تربیت نہ ہونے کے برابر ہیں۔
مسافر فیملیز کا کہنا ہے کہ امیگریشن پراسس میں ڈیڑھ سے 2 گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔ بزرگ بچے ساتھ ہوتے ہیں اور کئی کئی گھنٹے اذیت ناک عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر ایئرپورٹ امیگریشن کا عمل تیز کرنے کے دعوے حقیقت سے دور نظر آ رہے ہیں اور ایف آئی اے کے اعلان کے باوجود اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر زمینی حقائق تبدیل نہیں ہو سکے۔