پاکستان اور مصر کے وزرائے مذہبی امور نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے درپیش مسائل کو مشترکہ کاوشوں سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں سپریم کونسل برائے اسلامک افیئرز کے زیر اہتمام 36 ویں بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر اپنے مصری ہم منصب وزیر برائے وقف مصر ڈاکٹر اسامہ الازہری سے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر سردار یوسف نے ڈاکٹر اسامہ الازہری کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان اور مصر کے دوطرفہ برادرانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو کثیرالجہتی اہمیت دینے کی دونوں ممالک کی قیادت کی خواہش انتہائی خوش آئند اور باعث تحسين ہے۔
وفاقی وزیر نے کانفرنس کے دوران مصری صدر عبدالفتح السیسی اور امام الاکبر شیخ احمد الطیب سے ملاقاتوں کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے وزیر وقف ڈاکٹر اسامہ الازہری کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
سردار محمد یوسف نے مصری صدر عبدالفتح السیسی، وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے مابین حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان اور مصر کے درمیان مذہبی و روحانی شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے امام الاکبر شیخ الازہر اور وزیر برائے وقف ڈاکٹر اسامہ الازہری کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جس پر ڈاکٹر اسامہ الازہری نے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کا کانفرنس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان اور مصر کے درمیان مذہبی تعاون کے ضمن میں وسیع امکانات تلاش کرتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا۔
ڈاکٹر اسامہ الازہری نے اپنی پہلی فرصت میں دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا اور علاقائی اور عالمی چیلنج کے تناظر میں مصنوعی ذہانت اور اس سے درپیش مسائل کو مشترکہ کاوشوں سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
