پشاور میں گاڑی پر فائرنگ سے انویسٹی گیشن انچارج سمیت تین افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں انویسٹی گیشن انچارج سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کو دستیاب ابتدائی معلومات کے مطابق پشاور میں ورسک روڈ پر نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انچارج انویسٹیگیشن مچنی گیٹ سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کلاشنکوف اور پستول کی فائرنگ کے نتیجے میں انسپکٹر علی حسین سمیت تینوں افراد بدقسمتی سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سجاد حسین ، ڈی ایس پی ورسک سرکل ارباب نعیم حیدر اور ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ مدثر حیات پولیس نفری کے ہمراہ فوری جائے وقوعہ پر پہنچے اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں