لاہور:
بھارتی جارحیت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے آج (بدھ) بند رہیں گے۔
پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آج (بدھ) کے روز صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ طلباء اور اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس فیصلے کے نتیجے میں پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں آج تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
راولپنڈی ہائیر ایجوکیش بورڈ نے بھی باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت آج ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے پیپرز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
جبکہ میٹرک کے ہونے والے پریکٹیکلز بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
سرکاری پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے بھی صوبے بھر کے تمام اضلادع میں نجی تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
بھارتی جارحیت کے تناظر میں ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے آج (بدھ) کے روز وفاقی دارالحکومت میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے اس فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق تمام سکولز اور کالجز آج تعطیل پر رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلباء، اساتذہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
تاہم ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کل ہونے والے امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے اور ان میں شرکت کرنے والے طلباء کو امتحانات کی تیاری کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
انتظامیہ نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ تعلیمی اداروں کی بندش کا یہ فیصلہ وقتی ہے اور حالات بہتر ہونے پر معمول کے مطابق تدریسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔