چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کی بنگلادیش کے آرمی چیف سے اہم ملاقات

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ڈھاکا میں بنگلادیش کے آرمی چیف سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد بنگلادیش کے دورے پر ہیں۔

آج انہوں نے  بنگلا دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان سے آرمی ہیڈ کوارٹرز ڈھاکہ میں ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے امور پر بات چیت کی گئی جبکہ  عسکری قیادت نے مختلف سطحوں پر وفود کے باقاعدہ تبادلوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں ابھرتی ہوئی عالمی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کی مسلح افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ بات چیت میں مشترکہ تربیتی مشقوں اور انسداد دہشت گردی آپریشنز کے تجربات سے استفادے پر بھی بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں دونوں جانب سے نوٹ کیا گیا کہ متعدد پلیٹ فارمز سے تفرقہ انگیز اور گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اس صورتحال میں پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مل کر سامنا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اس کے علاوہ جعلی، جھوٹی معلومات اور پروپیگنڈے کے خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے تعاون اور مشترکہ کوششوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں