ژوب میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، 33 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج نے ژوب میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 33 خوارج کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے عمومی علاقے سمبازہ میں پاکستان افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش ںاکام بنا دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دراندازی کرنے والے بھارتی پراکسی گروپ “فتنہ الخوارج” کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا، سیکیورٹی  فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی اس کوشش کو ناکام بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جرأت مندانہ، مہارت بھری اور عین ہدف پر کی گئی کارروائی کے نتیجے میں 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارج واصلِ جہنم ہوئے  جن سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے،  پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں