کراچی، بنارس پل پر ٹریفک حادثہ، خاتون شدید زخمی، دو نوجوان گرفتار


کراچی:

شہر قائد کے علاقے بنارس پل پر دو موٹرسائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمی خاتون اپنے بیٹے کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار تھیں کہ پیچھے سے آنے والی ایک تیز رفتار موٹرسائیکل نے انہیں ٹکر ماری۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ ٹکر مارنے والی موٹرسائیکل پر سوار نوجوان ون ویلنگ کرتے ہوئے آرہے تھے، واقعے کے بعد عوام نے ون ویلنگ کرنے والے لڑکے کو گھیر کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق ایک موٹرسائیکل پر دو نوجوان سوار تھے، جنہیں موقع پر پہنچ کر حراست میں لے لیا گیا اور تھانے منتقل کیا گیا ہے۔

حادثے کے دوران اوور اسپیڈنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کی موٹرسائیکل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

اپنا تبصرہ لکھیں