کراچی، پولیس اور اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی کارروائیاں، 7 کار لفٹرز گرفتار، اسلحہ، گاڑیاں اور مسروقہ سامان برآمد


کراچی:

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) اور درخشاں پولیس نے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے بعد 3 زخمیوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

کارروائیوں میں اسلحہ، چوری شدہ گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور دیگر قیمتی سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کا تعلق بین الصوبائی کار لفٹنگ گروہ سے بتایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل اورنگی ون ڈویژن اور اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود میں اورنگی ٹاؤن نمبر 11، حوا گوٹھ شراب خانے کے قریب کارروائی کے دوران پولیس مقابلے میں دو ڈاکو زخمی جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔

زخمی ڈاکوؤں کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان ایس ایس پی AVLC امجد احمد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت انس ولد محمد ندیم (25 سال)، امان اللہ ولد غلام مصطفیٰ (40 سال) اور نادر علی کے نام سے ہوئی ہے۔

تیموریہ تھانے کی حدود میں کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری کی گئی ہنڈا سٹی کار رجسٹریشن نمبر AEK-616، دو پستولیں بمعہ گولیاں، موبائل فونز اور نقد رقم کے علاوہ گاڑیوں کے لاک توڑنے والی اسپیشل چابیاں برآمد کی گئیں۔

پولیس کے مطابق،زخمی ملزم امان اللہ 2011 سے جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہے، جس کے خلاف دہشت گردی ایکٹ (7 ATA)، اسلحہ ایکٹ اور دیگر جرائم کے تحت 11 مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں، جن میں ایئرپورٹ، سی ٹی ڈی، نیو کراچی، یوسف پلازہ، شارع نورجہاں، سچل اور گلستانِ جوہر شامل ہیں۔

ملزم انس کے خلاف بھی دو مقدمات تھانہ الفلاح اور گلستان جوہر میں درج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق جھٹ پٹ، بلوچستان سے ہے اور یہ چوری شدہ گاڑیاں ایک شخص حاجی پاکستانی کو فروخت کرتے تھے۔

گروہ کے دو اہم کارندے عمران مغیری اور زکریا مغیری تاحال مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب درخشاں پولیس نے بھی اتوار اور پیر کی درمیانی شب ڈی ایچ اے فیز 6، چھوٹا بخاری، ایپل والی گلی میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی سمیت 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا۔

زخمی ملزم محمد نعیم شاہ ولد محمد سخی شاہ (40 سال) کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ دیگر گرفتار ملزمان نے اپنے نام حنیف، محمد ریاض اور مرزا بتائے۔

کارروائی کے دوران ملزمان سے دو پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور دو موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں