اداکارہ ہانیہ عامر کو حال ہی میں گلوکار عاصم اظہر کے ایک کنسرٹ میں پہلی قطار میں دیکھا گیا، جس پر سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے سامنے آئے ہیں۔
ہانیہ عامر کی اپنے سابق بوائے فرینڈ اور اداکارہ و ماڈل میرب علی کے سابق منگیتر گلوکار عاصم اظہر کے کنسرٹ میں موجودگی نے سوشل میڈیا پر مداحوں کی خاص توجہ حاصل کی، جبکہ اس موقع پر میرب علی کے بھائی اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رامس علی کی ایک ذو معنی انسٹاگرام اسٹوری بھی وائرل ہوئی جس کو ہانیہ اور عاصم اظہر کے درمیان پھر سے بڑھتی قربتوں سے جوڑا جارہا ہے۔
رامس علی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا، ’’وقت کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہ سب کچھ سامنے لے آتا ہے۔‘‘ اس جملے کو سوشل میڈیا صارفین نے مختلف انداز میں لیا، بعض نے اسے ایک عمومی تبصرہ قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے ان کی بہن میرب کی زندگی اور منگنی ٹوٹنے کی حالیہ صورتحال سے جوڑتے ہوئے قیاس آرائیاں کیں۔
یاد رہے کہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کا تعلق ماضی میں خبروں کی زینت بنتا رہا ہے، تاہم 2020 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ بعد ازاں عاصم اظہر کی منگنی میرب علی سے ہوئی، جو حال ہی میں ختم ہوگئی۔
ایک ساتھ نظر آنے کے مختلف حالیہ واقعات کے بعد ایک بار پھر ہانیہ اور عاصم کے درمیان ممکنہ قربتوں پر سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے۔