12 ویں عالمی گیمز 2025 کا آغاز ہو گیا،چین کے شہر چینگ ڈومیں ہونے والے گیمز17 اگست تک جاری رہیں گے۔ عالمی گیمز میں 34 کھیلوں کے 60 ڈسپلن میں 253 میڈلز کے لیے مقابلہ ہوگا۔ان گیمز میں 116 ممالک اور خطوں کے 6ہزار679 ایتھلیٹس اور آفیشلز شریک ہیں۔
ہرچار سال کے بعد ہونے والے عالمی گیمز کی افتتاحی تقریب انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر مقامی فنکاروں نے اپنے شاندار فن کا مظاہرہ کر کے شائقین کے دل جیت لیے۔
عالمی گیمز میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اپنے قومی جھنڈے اٹھائے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔ آخر میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
عالمی گیمز کے آغاز کے ساتھ ہی آئی اوسی، انٹرنیشنل ورلڈ گیمز ایسوسی ایشن، میزبان ملک چین اور آرگنائزنگ کمیٹی کے جھنڈے لہرا دیے گئے۔
عالمی گیمزکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹارچ ریلے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔گیمز میں چند مقابلے 6 اگست سے ہی شروع ہو گئے تھے تاہم جمعرات کو رسمی تقریب سے باقاعدہ آغازہوا۔
عالمی گیمز میں پاکستان کو اسنوکر اور اسکواش میں میڈلز جیتنے کی امیدیں ہیں۔اسنوکر میں پاکستان کے عالمی چیمپئن محمد آصف جبکہ اسکواش میں ناصر اقبال اور نور زمان شریک ہیں۔