ہوم گراؤنڈ پر مسلسل ناکامی، ویسٹ انڈیز کو آسٹریلیا کے ہاتھوں دوسرے ٹی20 میں بھی شکست

ہوم گراؤنڈ پر مسلسل ناکامی پر ویسٹ انڈیز کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی، مہمان ٹیم آسٹریلیا نے کالی آندھی کو مسلسل دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دے دی۔

آسٹریلیا نے 173 رنز کا ہدف محض 15.2 اوورز میں حاصل کرکے پانچ میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔ مہمان ٹیم نے تیسری وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ بھی قائم کیا۔

جوش انگلس اور کیمرون گرین نے آسٹریلیا کی جانب سے تیسری وکٹ کی شراکت میں سب سے زیادہ رنز جوڑے۔ دونوں نے ملکر 131 رنز بنائے جو کینگروز کی طرف سے ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل، ایرون فنچ اور گلین میسکویل نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 118 رنز بنائے تھے، تاہم جوش انگلس اور کیمرون گرین کی جوڑی نے یہ ریکارڈ پاش پاش کر دیا۔

مہمان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے میچ بھی شکست دے کر آل راؤنڈر آندرے رسل کی فیئر ویل کا مزہ بھی کِرکِرا کر دیا۔ انہوں نے چند روز قبل، ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور سیریز کا دوسرا میچ آخری تھا۔

دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے تھے، جس میں برینڈن کنگ نے 51 اور آندرے رسل نے 36 رنز بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کے 6 کیچز بھی ڈراپ کیے جس نے شکست میں اہم کردار ادا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں