ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے جعلی ٹکٹ 11 ہزار درہم میں فروخت ہونے لگے ہیں۔
آئندہ ماہ یو اے ای میں شیڈول ایشیائی ایونٹ کی ٹکٹوں کا باضابطہ اعلان تو ابھی تک نہیں ہوا، مگر یو اے ای میں جعلی ٹکٹوں کی فروخت زور پکڑ گئی۔
ایک خلیجی اخبار کے مطابق گوگل پر تلاش کرنے پر متعدد مشتبہ ویب سائٹس سامنے آئیں، ان میں ایک نے وی آئی پی پاس 11 ہزار درہم میں فروخت کے لیے پیش کیا جبکہ عام ٹکٹ 1500 درہم سے زائد قیمت پر بیچے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا جس کے لیے شائقین بے چینی سے ٹکٹوں کا انتظار کر رہے ہیں۔
حکام نے خبردار کیا کہ جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار رہیں اور صرف آفیشل ذرائع سے ہی ٹکٹ خریدیں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دھوکے بازی سے بچنے کے لیے مشتبہ لنکس سے پرہیز کریں۔