قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے عدالت سے منظور شدہ پلی بارگین کی غیر ادا رقوم کی وصولی کی کوششوں کے سلسلے میں آج ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن سے منسلک 6 کمرشل جائیدادوں کی نیلامی کی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق روبیش مارکی کوکامیابی کے ساتھ 500 ملین روپے میں نیلام کیا گیا، اب پیمنٹ اور ٹرانسفر کا عمل جاری ہے۔
اس کے علاوہ کارپوریٹ آفس-ون کے لیے ریزرو قیمت یا اس سے زیادہ کی مشروط پیشکش کی گئی، اس سلسلے میں نیب مجاز اتھارٹی سے حتمی منظوری زیر التوا ہے۔
جاری بیان کے مطابق ’کارپوریٹ آفس- II کے لیے بھی ریزرو پرائس یا اس سے زیادہ کی مشروط پیشکش کی گئی اور نیب کی مجاز اتھارٹی سے اس کی بھی حتمی منظوری زیر التوا ہے‘۔
نیب راولپنڈی نے کہا کہ ’کوالیفائنگ بِڈز نہ ہونے کی وجہ سے 3 جائیدادیں فروخت نہیں ہوئیں اور اس سلسلے میں جلد ہی دوبارہ نیلامی کا اعلان کیا جائے گا‘۔
قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے کہا کہ نیب عوامی رقوم کی شفاف برآمدگی اور احتساب کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔