ایوب کھوسہ کو ڈراموں میں اداکاری کرنے کا موقع کیسے ملا؟

پاکستان شوبز کے سینئر اداکار ایوب کھوسہ نے شوبز میں آنے کی دلچسپ داستان سنا دی۔

اداکار ایوب کھوسہ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کے دوران شوبز انڈسٹری میں اپنے سفر کے آغاز کا دلچسپ واقعہ شیئر کیا۔ میزبان کے سوال پر کہ وہ پی ٹی وی میں کیسے آئے؟ ایوب کھوسہ نے مسکراتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ ابتدا میں محض پی ٹی وی میں خوبصورت لڑکیوں کو دیکھنے جایا کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دن پی ٹی وی کے اُس وقت کے جنرل مینیجر، کریم بلوچ نے مجھے وہاں گھومتا دیکھ کر دریافت کیا کہ میں وہاں کیوں آیا ہوں؟ جس پر میں نے جواب دیا کہ صرف ٹی وی اسٹیشن دیکھنے آیا ہوں۔ اس پر کریم بلوچ نے پوچھا کہ کیا ڈرامہ بھی کرنا چاہتے ہیں؟

جنرل مینیجر کے اس سوال پر ایوب کھوسہ نے فوراً اپنی دلچسپی ظاہر کی، جس کے بعد ان کے کیریئر کا آغاز بلوچی زبان کے ڈراموں سے ہوا۔

ایوب کھوسہ نے بتایا کہ اُن کے والد چاہتے تھے کہ وہ بیوروکریٹ بنیں، تاہم وہ اس خواہش کو پورا نہ کر سکے۔ اگرچہ انہوں نے تعلیم مکمل کی، لیکن فنونِ لطیفہ سے وابستگی نے انہیں اس میدان میں مستقل طور پر مصروف رکھا اور وہ آج بھی اس ہی شعبے سے جڑے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں