اسپین کی تاریخی مسجد قرطبہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس پر فائر بریگیڈ نے فوری کارروائی کر کے قابو پالیا تاہم یونیسکو کے عالمی ورثے کا ایک حصہ شدید متاثر ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد قرطبہ میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر پہنچ گیا جس سے آگ کے پھیلاؤ کو بروقت روکا جا سکا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران سیاحوں اور عالمی ورثہ قرار دی گئی مسجد کے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
دو گھنٹے کی مشقت کے بعد مسجد میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا تاہم اس کے بعد بھی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم رات بھر موجود رہی تاکہ کسی ممکنہ خطرے کو روکا جاسکے۔
قرطبہ کے میئر نے فائر عملے کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا اور کہا کہ اگر چند منٹ کی تاخیر ہوتی، تو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا تھا۔
یاد رہے کہ یہ مسجد کو اب چرچ میں تبدیل کرکے Cordoba Mosque-Cathedral کا نام دیا گیا ہے۔
اس تاریخی مقام کو یونیسکو عالمی ثقافتی ورثہ کا درجہ حاصل ہے جہاں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں سیاح آتے ہیں۔
آتش زدگی کے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو گئیں، جس پر دنیا بھر سے لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق ہفتے کے روز عمارت کو دوبارہ سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے، تاہم وہ حصہ جہاں آگ لگی تھی، تاحال بند ہے اور مرمت کا کام جاری ہے۔