ریاض:
عرب لیگ، خلیج تعاون تنظیم (جی سی سی) اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے غزہ میں قبضے کے لیے اسرائیلی منصوبے اور جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت فوری طور پر ختم کی جائے۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق او آئی سی، خلیج تعاون تنظیم (جی سی سی) اور عرب لیگ کی وزارتی کمیٹی نے مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں غزہ کی پٹی پر مکمل قبضے کے اسرائیلی منصوبے کی مذمت کی گئی ہے۔
مشترکہ بیان میں اسرائیل کے غزہ پر مکمل فوجی قبضے کے منصوبے کو یکسر مسترد کردیا ہے اور اس کو بین الاقوامی قوان کی خلاف ورزی، سنگین جارحیت اور قبضے کی توسیع قرار دیا۔
او آئی سی نے کہا کہ طاقت کے ذریعے قبضہ عالمی قوانین کے منافی ہے اور مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی عزائم غزہ میں قتل عام، بھوک مسلط کرنے، جبری بے دخلی کی کوشش ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی اقدامات انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، اسرائیلی پالیسیوں نے امن کے کسی بھی امکان کو ختم کر دیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر جنگ بندی کی کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے۔
عرب لیگ، جی سی سی اور او آئی سی کے اعلامیے میں کہاگیا کہ غزہ کو 22 ماہ سے مکمل محاصرے اور مسلسل جارحیت کا سامنا ہے اور مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں بھی اسرائیلی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
عرب لیگ جی سی سی اور او آئی سی نے غزہ سے اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔