کراچی:
راشد منہاس روڈ پر مشتعل افراد کی جانب سے 7 ڈمپرز کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے میں پولیس کی مجرمانہ غفلت سامنے آ گئی، جس کے بعد 3 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ راشد منہاس روڈ پر پیش آیا، جہاں مشتعل افراد نے کئی منٹ تک آزادانہ کارروائی کرتے ہوئے سات ڈمپر گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
واقعے کے بعد ایس ایچ او یوسف پلازہ انسپکٹر افتخار خانزادہ، ایس ایچ او ایف بی انڈسٹریل ایریا سب انسپکٹر شاہد آدم بلوچ اور ایس ایچ او سولجر بازار انسپکٹر وقار عظیم کو معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق افتخار خانزادہ اور شاہد آدم بلوچ کو گارڈن ہیڈ کوارٹر بی کمپنی جبکہ انسپکٹر وقار عظیم کو ہیڈ کوارٹر ایسٹ بھیج دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ایس ایچ او سولجر بازار کو ایڈوکیٹ ناصر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر معلطل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ضلعی وسطی پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 14 اور 16 سمیت اطراف کے علاقوں میں آپریشن کیا اور یوسف پلاذہ ، ایف بی صنعتی ایریا ، گبول ٹاون پولیس نے ہوٹلز اور پارک میں بیٹھے متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
حراست میں لیے گئے بچوں کے والدین و رشتہ دار تھانے پہنچ گے، پولیس نے تھانوں کے دروازے بند کردیے، ملنے کی اجازت نہیں دی۔