کراچی؛ ڈمپر سے بہن بھائی کی ہلاکت، ڈرائیور کے پاس ہیوی ٹریفک لائسنس نہیں تھا


کراچی:

جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی نے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن اور بھائی کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت کے روبرو راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن اور بھائی کے جاں بحق ہونے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے گرفتار ملزم فردوس کو عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کے پاس سے ہیوی ٹرانسپورٹ لائسنس نہیں ملا البتہ ملزم کے پاس ایل ٹی وی لائسنس ہے اور وہ بھی 2016 میں ایکسپائر ہو چکا ہے جبکہ ڈمپر کے مالک کے حوالے سے معلومات کرنی ہے۔

تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ ملزم کے کاغذات کو بھی ویریفائی کرنا ہے، حادثے کے بعد عوام کے تشدد سے ملزم کی آنکھ پر چوٹ لگی ہے۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ یوسف پلازہ میں جاں بحق ہونے والوں کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

عدالت نے ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

اپنا تبصرہ لکھیں