پاکستان کا غزہ میں حالیہ اسرائیلی فضائی حملے پر اظہار مذمت


اسلام آ باد:

حکومت پاکستان غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے کیے گئے حالیہ فضائی حملے کی شدید مذمت کرتی ہے جس کے نتیجے میں متعدد بے گناہ شہری جان کی بازی ہار گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ بہیمانہ حملہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے قوانین کی ایک اور سنگین خلاف ورزی ہے، جو قابض طاقت کے جرائم کی شدت اور وسعت کو نمایاں کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری اور مؤثر اقدام کرے تاکہ اسرائیلی مظالم کو روکا جا سکے، شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور اسرائیل کو اس کے اقدامات کا جواب دہ بنایا جائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی جدوجہد کی ہمیشہ سے حمایت کرتا آیا ہے اور ایک منصفانہ، پائیدار اور پُرامن حل کا حامی ہے، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہو اور فلسطینی عوام کے حقوق اور وقار کو تسلیم کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد خودمختارفلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جس کی سرحدیں جون 1967ء سے پہلے کی حد بندی پر مبنی ہوں اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت تسلیم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں