اسلام آباد:
متنازع ٹوئٹ کیس کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے کہا ہے کہ ایمان مزاری اور ان کے شوہر کیس کو طول دینا چاہتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازع ٹوئٹ کیس کی سماعت جج محمد افضل مجوکہ نے کی، جس میں ملزمان ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ راستوں کی بندش کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔
سماعت میں سرکاری وکیل عثمان رانا ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے ۔ ملزمان پیش نہ ہوکر کیس کو طول دینا چاہتے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے اگلی سماعت پر ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس مزید سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ ہادی علی چٹھہ اور ایمان مزاری کے خلاف این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
