وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں گھریلو گیس کنکشن کھولنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں گھریلو گیس کنکشنز کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ ہورا ہوگیا، گھریلو صارفین کے لیے ملک بھر میں گیس کنکشنز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2022 میں پی ڈی ایم حکومت کی حکومت بنی تو چاروں طرف سے بے پناہ دباؤ تھا کہ گیس کا کنکشن دیا جائے، کیونکہ گیس کی فراہمی میں مشکلات تھیں، چنانچہ ہمیں گیس کی فراہمی میں مشکلات تھیں اور ہر درخواست دہندہ سے ہمیں معذرت کرنا پڑی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بالآخر یہاں تک بات پہنچی کہ گیس کی پائپ لائن اور اس کا انفرااسٹرکچر بچھانے کے ناصرف احکامات دیے جاچکے بلکہ فنڈز بھی مہیا کیے جاچکے تھے، اور وہ انفرااسٹرکچر بن بھی گیا مگر گیس دستیاب نہیں تھی تاہم آج وہ دن آیا ہےکہ پورے پاکستان میں گھریلوصارفین کےلیے معیاری ایندھن ’ری گیسیفائیڈ لیکویڈ نیچرل گیس‘ ( آر ایل این جی) کے کنکشنز کا اجرا کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لاکھوں درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، آج خوشی کا دن ہے، یہی وہ تسلسل ہے جو میاں نواز شریف کے دور سے چلا آرہا ہے، جب 2013 میں نواز شریف تیسری مرتبہ وزیراعظم بنے تو پورے پاکستان میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اور اندھیرے تھے۔
