ایشیائی ترقیاتی  بینک نے گلیشیئرز ٹو فارمز پروگرام کیلیے 25 کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی


اسلام آباد:

ایشیائی ترقیاتی بینک کے گرین کلائمیٹ فنڈ نے ’’گلیشیئرز ٹو فارمز‘‘ پروگرام کے لیے 25 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔

اعلامیے کے مطابق یہ پروگرام ایشیائی ترقیاتی بینک کی قیادت میں پاکستان سمیت 9 ممالک میں شروع ہوگا۔اس منصوبے کا مقصد گلیشیئر پر انحصار کرنے والے خطوں میں پانی اور زراعت کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

منصوبے سے متعلق اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اے ڈی بی آئندہ 10 برس میں منصوبوں پر 3.25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اور منصوبے کے تحت مؤثر آبپاشی، پانی ذخیرہ اور واٹر شیڈ مینجمنٹ کو فروغ دیا جائے گا۔

گلیشیئرز کے پگھلنے سے خشک سالی اور سیلاب جیسے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے اور اے ڈی بی کے اس  پروگرام سے 1.3 کروڑ افراد، خصوصاً کسان اور پہاڑی علاقوں کی آبادی مستفید ہوگی۔

گلیشیئرز سے نکلنے والے 4 بڑے دریائی حوض،نارین، پیانج، کُورا اور سوات، اس پروگرام کا حصہ ہوں گے۔ یہ منصوبہ موسمیاتی اور گلیشیئرز تحقیق کو قومی ترقیاتی منصوبہ بندی میں شامل کرے گا۔ اس کے تحت خطرناک حالات سے نمٹنے کے لیے جدید وارننگ اور مانیٹرنگ نظام بھی قائم کیے جائیں گے۔

اس پروگرام کے تحت پانی کی قلت اور شدید گرمی سے متاثرہ کمیونٹیز کے لیے سماجی تحفظ مضبوط بنایا جائے گا۔ مقامی بینکوں کو خواتین کی زیرِ قیادت زرعی کاروباروں کی معاونت کے قابل بنایا جائے گا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گلیشیئرز کا پگھلاؤ خطے کے لیے پیچیدہ ترقیاتی چیلنج ہے۔ جی سی ایف کی مدد سے خطہ منتشر منصوبوں سے نکل کر منظم لچکدار نظام کی طرف بڑھے گا۔

اے ڈی بی کے مطابق گرین کلائمیٹ فنڈ (جی سی ایف)   دنیا کا سب سے بڑا ماحولیاتی فنڈ ہے، جس کے تحت 43ویں بورڈ اجلاس میں حالیہ پروگرام کی منظوری دی گئی ہے۔  2024ء  میں جی سی ایف کی معاونت سے ہونے والی تحقیقات نے اس پروگرام کی سائنسی بنیاد فراہم کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں