کراچی:
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 16 ہزار ریٹائرڈ ملازمین کو ستمبر مہینے کی پنشن تاحال ادا نہیں کی جاسکی۔
پنشن کی عدم ادائیگی سے ریٹائرڈ ملازمین میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ پی آئی اے ریٹائرڈ ملازمین ایسوسی ایشن کے صدر سید طاہر حسین کے مطابق بارہا کمپنی سیکریٹری اور چیف فنانس افسر سے رابطہ کیا گیا لیکن جواب نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ پنشن ادا نہ ہونے سے ریٹائرڈ ملازمین شدید پریشانی کا شکار ہیں اور کئی افراد کے گھریلو اخراجات متاثر ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی ذمہ داری پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے ذمے ہے تاہم کمپنی کے سی ای او اسد رسول نے پنشن کی ادائیگی میں تاخیر پر جواب دینے سے گریز کیا ہے۔
ریٹائرڈ ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ سینکڑوں خاندان مزید مشکلات سے بچ سکیں۔
