پی ٹی آئی کی جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں کو امن جرگے میں شرکت کی دعوت

خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کے لیے جرگہ 12 نومبر کو طلب کیا گیا ہے جس کے لیے حکومتی جماعتی پی ٹی آئی تمام سیاسی پارٹیوں سے رابطہ کر رہی ہے۔

اسی سلسلے کے تحت تحریک انصاف کا وفد جماعت اسلامی سیکرٹریٹ پہنچا اور جرگے میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد میں صوبائی وزیر آفتاب عالم، سابق وزیر کامران بنگش، عرفان سلیم اور شیر علی ارباب شامل تھے۔

صوبائی وزیر شیر علی ارباب کا کہنا تھا کہ جرگے کی دعوت دینے آئے ہیں، ہم چاہتے ہیں امن کے لیے تمام سیاسی جماعتیں ساتھ چلیں اور تمام سیاسی جماعتیں آگے آئیں، امن کی بات کریں کیونکہ امن ہوگا تو سکون ہوگا اور معاشی صورتحال بہتر ہوگی۔

رہنما جماعت اسلامی عنایت اللہ کا کہنا تھا کہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے بھی جرگے کی دعوت دی ہے، کوآرڈینیشن کمیٹی فیصلہ کرے گی کون شرکت کرے گا، ہم جرگے کی دعوت قبول کرتے ہیں، جماعت اسلامی اختلاف برائے اختلاف سے گریز کرتی ہے۔

دوسری جانب، اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین ملک حبیب نور اورکزئی سے رابطہ کیا۔ اسپیکر نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کو امن جرگے میں شرکت کی دعوت دی۔

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین ملک حبیب نور اورکزئی سے صوبے کی موجودہ صورتحال، عوامی مفادات اور امن کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔

پی ٹی آئی کے وفد نے قومی وطن پارٹی کے صوبائی مرکز وطن کور کا دورہ بھی کیا اور جرگے کی دعوت دی۔ حکومتی وفد میں ایم این اے ارباب شیر علی، سابق وزیر کامران بنگش، ارباب عاصم خان اور ڈسٹرکٹ پشاور کے صدر عرفان سلیم شامل تھے۔

وفد نے صوبائی چیئرمین سکندر خان شیر پاؤ کو امن جرگے میں شرکت کا دعوت نامہ دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں