عمران خان کو یوکرینی صدر کے ساتھ ٹرمپ کے رویے سے سبق سیکھنا چاہیے، وفاقی وزیر


سوات:

پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو یوکرینی صدر زیلنسکی کے ساتھ روا رکھے گئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے رویے سےسبق سیکھنا چاہیے۔

وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا امیر مقام نے سوات کے علاقے اسلام پور میں نادرا سینٹر کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران احمد خان نیازی کو ڈونلڈ ٹرمپ کے یوکرینی صدر کے ساتھ رویے سے سبق سیکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خطوط کا انجام صرف باسکٹ ہی ہوگا، کوئی پڑھنے والا نہیں، عوام ذاتی مفادات پر مبنی اتحادوں کو خوب جانتے ہیں۔

امیرمقام کا کہنا تھا کہ اگر اتحاد بنانا ہے تو دہشت گردی، معاشی استحکام اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے بنائیں، اپوزیشن کو سول ملٹری الائنس ہضم نہیں ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے خطاب میں کہا کہ اگلے عام انتخابات 2029 میں ہی ہوں گے، اپوزیشن تب تک انتظار کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں