Hajj operation from Pakistan will start from May 9

پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز 9 مئی سے ہوگا، سرکاری کوٹہ کے تحت کتنے ہزار پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے؟ جانیے.

پاکستان سے رواں سال حج کے لیے فلائٹ آپریشن 9 مئی سے شروع ہو رہا ہے جو 9 جون تک جاری رہے گا، رواں سال سرکاری کوٹے کے تحت 69 ہزار پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

نیوز مستی کے مطابق ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پہلے 15 روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ ایئرپورٹ پر اتریں گی، 24 مئی سے 9 جون تک زیادہ تر پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر اتریں گی۔

پہلے روز 2160 عازمین 11 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب جائیں گے، پہلے روز اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680 عازمین سعودی عرب جائیں گے۔

پہلے روز 330 عازمین کراچی سے 2 پروازوں سے روانہ ہوں گے، 670 عازمین لاہور سے 3 پروازوں سے روانہ ہوں گے۔ ملتان سے 2 پروازوں کے ذریعے 329 عازمین، سیالکوٹ سے 1 پرواز کے ذریعے 151 عازمین مدینہ منورہ پہنچیں گے۔

پہلی حج پرواز 11 مئی کو کوئٹہ اور 27 مئی کو سکھر سے روانہ ہوگی، 259 حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری عازمین سعودی عرب پہنچیں گے۔ حج فلائٹ آپریشن 9 جون کو ختم ہو جائے گا، 20 جون کو پہلی پرواز عازمین کو لے کر وطن واپس آئے گی۔

پاکستانی عازمین حج کے لیے حج ایپ متعارف کرادی گئی ہے جسے ہر حاجی کے لیے ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا، حکومت اس ایپ کے ذریعے ہی عازمین حج سے رابطہ کرے گی۔ حجاج کو پاکستان سے مفت سم ملے گی، وہاں سے واٹس ایپ کال کی جا سکے گی، حجاج کو ایک ہی رنگ کے مفت بیگ دیے جائیں گے۔ بیگ پر ایک کیو آر کوڈ لکھا جائے گا، جس سے معلوم ہوگا کہ حاجی کہاں سے آیا ہے اور کہاں ٹھہرا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں