کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کو اسلحہ کی آن لائن فراہمی کا انکشاف ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس نے آن لائن اسلحہ فروخت کرنے والے گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کراچی میں کارروائی کی۔ سی ٹی ڈی پولیس اہلکاروں نے چھاپہ مار کر 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا جو آن لائن اسلحہ فروخت کر رہے تھے اور اسٹریٹ کرائم کے لیے اسلحہ بھی فراہم کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کے علاوہ دیگر وارداتوں کے لیے اسلحہ فراہم کرنے میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت غلام رسول، یوسف، گل حسن اور فرحان کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد خیبرپختونخوا پولیس کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سی ٹی ڈی نے خیبرپختونخوا پولیس کے ایک اہلکار کو بھی اسلحے کی اسمگلنگ اور فروخت میں ملوث گرفتار کیا تھا۔